اسلام آباد:(دنیا نیوز) لاہور کے ہاکی سٹیڈیم سے آسٹروٹرف اکھاڑنے کے معاملہ پر وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے چیف سیکرٹری پنجاب، کمشنر لاہور اور ڈی جی سپورٹس بورڈ کو قانونی نوٹس بھیج دیا۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی کی جانب سے بھیجے گئے قانونی نوٹس میں کہا گیا کہ ہاکی سٹیڈیم میں جلسے کی اجازت دے کر قانون کی خلاف ورزی کی گئی ہے، کروڑوں روپے مالیت کی آسٹرو ٹرف اکھاڑ کر اختیارات سے تجاوز کر کے صوبے کے خزانے کو نقصان پہنچایا گیا ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ نیب کے قانون کے تحت یہ سنگین جرائم ہیں، جلسے کی اجازت کو فوری طور پر منسوخ کیا جائے اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔