اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ برازیل جنوبی امریکہ میں پاکستان کا اہم تجارتی شراکت دار ہے، دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے تبادلوں کو فروغ دینے سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے پاکستان میں برازیل کے سفیر اولنتھو وئیرا نے ملاقات کی جس میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، چیئرمین سینیٹ نے برازیلین سفیر سے ان کی اہلیہ کی وفات پر اظہار تعزیت کیا۔ ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔
صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان اور برازیل کے درمیان گہرے اور مضبوط تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات اور کثیر جہتی فورمز پر بہترین تعاون قابل ستائش ہے، برازیل کے ساتھ سیاسی، اقتصادی اور دفاع سمیت تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمانی فرینڈشپ گروپس، بات چیت کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے تبادلوں کو فروغ دینے سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ برازیل جنوبی امریکہ میں پاکستان کا اہم تجارتی شراکت دار ہے، دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم تقریباً 1.3 بلین امریکی ڈالر کے لگ بھگ ہے جس کو مزید بڑھایا جا سکتا ہے، ڈیری، بیف اور پولٹری، حلال سیکٹر، فارماسیوٹیکل، زراعت اور آئی ٹی کے شعبوں میں برازیل کیلئے سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان زراعت اور تکنیکی شعبوں میں برازیل سے استفادہ کرنے کا خواہاں ہے، پاکستان کا تجارتی نظام اور ایک بڑی صارف منڈی برازیل کے تاجروں کیلئے بہتر اقتصادی مواقع فراہم کرتی ہے جس سے ان کو مستفید ہونا چاہئے۔ ملاقات میں ایک دوسرے کی ثقافت کو سمجھنے کیلئے عوامی روابط کو بڑھانے اور وفود کے تبادلوں کی ضرورت پر زور دیا گیا۔