اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی کے سپیکر راجہ پرویز اشرف کی طرف سے پاکستان تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی کے استعفے منظور کیے جانے کے بعد 9 حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات لڑنے کیلئے سابق وزیراعظم عمران خان کے کاغذاتِ نامزدگی تیار کر لیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق 5 اگست کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقے این اے 22 مردان، این اے 24 چارسدہ، این اے 31 پشاور، این اے 45 کرم، این اے 108 فیصل آباد، این اے 118 ننکانہ صاحب، این اے 237 ملیر، این اے 239 کورنگی کراچی اور این اے 246 جنوبی کراچی میں الیکشن ہونے ہیں۔
تحریک انصاف کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عمران خان بیک وقت مردان، چارسدہ، پشاور، کرم، فیصل آباد، ننکانہ، ملیر، کورنگی اور کراچی ساؤتھ سےبھی میدان میں اتریں گے۔ عمران خان این اے 22، این اے 24، این اے 31، این اے 45، این اے 108، این اے 118، این اے 237، این اے 239 اور این اے 246 میں تحریک انصاف کے امیدوار ہوں گے۔
خیال رہے کہ پی ٹی آئی اراکین کے استعفوں کے بعد خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی 9 نشستوں پر ضمنی انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن نے شیڈول جاری کردیا ہے جس کے مطابق پولنگ 25ستمبر کوہوگی۔
شیڈول کے مطابق امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی 10سے 13اگست تک جمع کرواسکتے ہیں، جن کی جانچ پڑتال 17اگست تک ہوگی اور امیدواروں کو انتخابی نشانات 29اگست کو جاری کردیے جائیں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق این اے 22 مردان ،این اے 24 چارسدہ ،این اے 31 پشاور ، این اے 45کرم ،این اے 108 فیصل آباد، این اے 118 ننکانہ صاحب, کراچی کے 3 حلقوں این اے 237،239 ،246 میں ضمنی الیکشن 25 ستمبر ہوں گے۔
عمران خان نے اعلان کیا ہے کہ وہ ان تمام 9 حلقوں سے خود ضمنی الیکشن میں حصہ لیں گے۔