لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ امریکا میں ملعون سلمان رشدی کے ساتھ جو ہوا، اس کی گستاخی کا نتیجہ ہے۔ آزادی اظہار کی آڑ میں نبی کریم ﷺ کی شان میں گستاخی ہرگز برداشت نہیں۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہر مسلمان کا دل نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت سے سرشار ہے، خاتم النبیین حضرت محمد ﷺ کا احترام ہر مسلمان کے ایمان کا لازمی حصہ ہے، سلمان رشدی کی ناپاک جسارت نے مسلمانوں کے جذبات کو بری طرح مجروح کیا، وہ ان منفی قوتوں کا آلہ کار ہے جو مذہب کے نام پر فساد پھیلانے کی سازش کر رہی ہیں، اس نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان اقدس میں جو شر انگیزی کی،وہ ہر مسلمان کے لیے ناقابل برداشت ہے، اس کے ساتھ جو ہوا،یہ اس کے گستاخانہ فعل کا نتیجہ ہے۔
پرویزالٰہی نے کہا کہ محسن انسانیت حضرت محمد ﷺ اپنے اعلیٰ کردار اور اسوہ حسنہ کے ذریعے دنیا کیلئے ایک مثال بنے، آزادی اظہار کی آڑ میں نبی کریم ﷺ کی شان میں گستاخی ہرگز برداشت نہیں، کسی بھی مہذب معاشرے میں انبیاء کرام کی شان میں گستاخی کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا، نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات اقدس پر ہماری جان بھی قربان ہے۔