ملیرندی میں ڈوبنے والے افراد کی تلاش جاری، کورنگی کاز وے پر سیلابی صورتحال

Published On 18 August,2022 09:11 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی ملیر ندی ہائی وے لنک روڈ پر ڈوبنے والی گاڑی مل گئی، کار میں سوار پانچ سے چھ افراد کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے، دوسری جانب کورنگی کاز وے اور کراسنگ بھی سیلابی صورت حال سے دوچار ہیں۔

کراچی میں کاٹھور کے مقام پر رات گئے ڈوبنے والی گاڑی ایدھی ٹیم نے نکالی تاہم گاڑی میں موجود فیملی تاحال لاپتہ ہے۔ شہر میں بارش کے بعد بپھرنے والی ملیر ندی میں سیلابی صورتحال ہے۔ سیلابی ریلے میں رات گئے گاڑی ڈوب گئی تھی جس میں ایک ہی خاندان کے تقریبا 6 افراد سوار تھے۔ فیملی کراچی سے حیدرآباد جا رہی تھی۔ ریسکیو حکام کے مطابق گاڑی میں موجود لوگ تاحال لاپتہ ہیں جن کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ متاثرہ فیملی کے خاندان سے حیدرآباد میں رابطہ کرلیا گیا ہے۔ دوسری جانب رات گئے ملیر میمن گوٹھ میں سیلابی ریلے میں2 افراد پھنس گئے تھے۔ ریسکیو حکام کے مطابق دونوں افراد کو بحفاظت محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

کراچی ، حیدر آباد سمیت سندھ بھر میں موسلادھار بارشوں کے سبب صوبائی حکومت نے آج تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا ہے، کراچی انٹر بورڈ کے تحت آج ہونے والے تمام پرچے ملتوی کر دیئے گئے۔ وزیر تعلیم سندھ سردار شاہ نے کہا ہے کہ تمام نجی و سرکاری تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔ اس سے قبل آل سندھ پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن نے تمام نجی سکول اور کالجز بند رکھنے کا اعلان کیا تھا۔ محکمہ موسمیات نے شہرقائد میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کر رکھی ہے۔

ادھر سیہون میں تیز بارش کے سبب کچے کےعلاقے میں نچلے درجے کا سیلاب ہے، موسلادھار بارشوں سے دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں اضافہ ہو گیا، ٹنڈوالہ یار میں نشیبی علاقے زیرآب آ گئے اور پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہو گیا، کچی آبادی سے مکینوں کی نقل مکانی جاری ہے۔

 

Advertisement