اسلام آباد:(دنیا نیوز) کراچی کی تین نشستوں پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے کاغذات نامزدگی منظور ہوگئے۔
این اے 246 اور این اے 237 پر عمران خان کے کاغذات نامزدگی پر پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کی جانب سے فارن فنڈنگ کیس اور دیگر اعتراضات عائد کیے گئے چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنے اثاثے ظاہر نہیں کیے، بینک اسٹیٹمنٹ جمع نہیں کروائیں اور القادر ٹرسٹ کا بھی کاغذات میں ذکر نہیں۔
پی ٹی آئی کی جانب سے جوابی دلائل میں کہا گیا کہ فارن فنڈنگ کا کوئی بھی اکاٶنٹ عمران خان کے نام پر نہیں، فنڈنگ کیس کیلئے اسلام آباد ہاٸیکورٹ نے فل بینچ بنا دیا ہے، کیس اب زیر سماعت ہے اس پر بات نہیں کی جاسکتی، القادر ٹرسٹ ہے کمپنی نہیں اور عمران خان مالک نہیں فقظ ٹرسٹی ہیں۔
دونوں حلقوں کے ریٹرننگ آفیسرز نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے، این اے 246 میں سیاسی جماعتوں کے کارکنوں میں کشیدگی کے باعث پولیس اور رینجرز کی اضافی نفری بھی طلب کی گئی۔جبکہ این اے 239 کراچی سے بھی عمران خان کے کاغذات نامزدگی منظور ہوچکے ہیں۔
ممنوعہ فنڈنگ کیس: پی ٹی آئی کی اپیل پر اسلام آباد ہائیکورٹ کا لارجر بنچ تشکیل
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی ممنوعہ فنڈنگ کیس کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف اپیل پر سماعت کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ کا لارجر بنچ تشکیل دے دیا گیا۔ لارجر بنچ جمعرات 18 اگست سے سماعت شروع کرے گا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق نے تحریک انصاف کی درخواست پر سماعت کی تو پی ٹی آئی کی جانب سے انور منصور عدالت میں پیش ہوئے۔
انھوں نے بتایا کہ تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کی فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ کو بھی چیلنج کیا ہے۔ سپریم کورٹ حنیف عباسی کیس میں واضح کرچکی ہے کہ مختلف وجوہات کی بنا پر اکاؤنٹس ظاہر کرنا ضروری نہیں تھا۔
قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ ان کی یادداشت کے مطابق ولی خان کیس کے بعد یہ اپنی نوعیت کا پہلا کیس ہے۔ ولی خان کیس میں ریفرنس بھجوایا گیا تھا کیا اس کیس میں ریفرنس نہیں بھجوایا گیا؟
تحریک انصاف کے وکیل انور منصور نے استدعا کی کہ عدالت الیکشن کمیشن کو پابند کرے کہ جاری کردہ شوکاز کی حد تک کوئی ایکشن نہ لیا جائے۔
قائم مقام چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ شوکاز سمیت اسٹے آرڈر کا معاملہ لارجر بینچ ہی دیکھے گا۔ عدالت نے کیس لارجر بینچ کے سامنے مقرر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت اٹھارہ اگست تک ملتوی کردی۔