اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ عمران خان کے کل کے جلسے سے خوفزدہ ہوکر دہشت گردی کا مقدمہ درج کیا گیا، جھوٹی ایف آئی آر کو ختم ہوناچاہیے، لیگی رہنماؤں کے دھمکی آمیز بیانات پر کیوں کارروائی نہیں ہوئی، لوگوں کو اسلام آباد آنے سے روکا جارہا ہے، 10 ستمبر سے پہلے ان کا تختہ الٹ جائے گا۔
اپنے بیان میں فواد چودھری کا کہنا تھا کہ امید ہے 10 ستمبر تک ان کا تختہ الٹ جائے گا اور اقتدار عوام کے پاس چلا جائے گا، عمران خان کی آواز بند کرنے کیلئے میڈیا پر پابندی لگائی جارہی ہے اور موٹرویز کو بند کیا جارہا ہے تاکہ لوگ اسلام آباد نہ پہنچیں، ان کے ان اقدامات کا مقصد جلسوں کو روکنا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ کل رات کو پاکستان کے لوگ بنی گالہ ائے اور ہر شہر اور قصبوں میں نکلے اور اگر ن لیگ نے کچھ کیا تو عوام کا ردعمل بھرپور آئے گا،عمران خان کے پہلے جلسے سے حکومت کی کانپیں ٹانگ گئیں ہیں۔