لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے دوران کارکنوں پر درج 25 مئی کے مقدمات خارج کر دیئے۔
صوبائی وزیر داخلہ پنجاب کرنل (ر) ہاشم ڈوگر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں 14 مقدمات پی ٹی آئی رہنماوں اور کارکنوں کیخلاف درج کیے گئے تھے۔ پولیس کو ثبوت مل گئے ہیں تمام پرچے جھوٹے اور سیاسی بنیادوں پر درج کیے گئے تھے۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے قائد اور سابق وزیراعظم عمران خان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی تو جواب ہم نہیں عوام دینگے۔ پنجاب 25 مئی واقعہ میں ملوث افسران کیخلاف انکوائریاں لازمی مکمل کی جائیں گی۔
صوبائی وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی اور کابینہ کی پالیسی ہے ان افسران کیخلاف انکوائری لازمی مکمل کی جائے۔ شہباز گل پر تشدد کے ثبوت پہلے دن سے ہمارے پاس موجود تھے۔ عدالت کے طلب کرنے پر ہی تشدد کے ثبوت پیش کیے۔