اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ میں مریم نواز، رانا ثنا اللہ، مولانا فضل الرحمان اور دیگر کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی گئی ۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ مریم نواز اور دیگر کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں مسلم لیگ ن کے رہنماوں کیخلاف توہین کی درخواست مقامی وکیل علی اعجاز بٹر نے دائر کی۔ مسلم لیگ ن رہنماوں عطا اللہ تارڑ اور مریم اورنگزیب کو بھی درخواست میں فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے معلوم ہوا کہ مریم نواز اور دیگر کو پاکستان کے اداروں اور عدلیہ کا احترام نہیں۔ بدقسمتی سے یہ لوگ حکومتی معاملات بھی چلا رہے ہیں۔
درخواست میں کہا گیا کہ فریقین نے اعلی عدلیہ کے ججز کے بارے میں بار بار توہین آمیز زبان استعمال کی۔ ان بیانات کے ذریعے نظام انصاف کی ساکھ پر سوال اٹھا کرعوام کا عدلیہ سے اعتماد اٹھانے کی کوشش کی گئی۔ درخواست کے ساتھ مریم نواز کی 25 جولائی کی پریس کانفرنس کا ٹرانسکرپٹ بھی جمع کرایا گیا ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ چیئرمین پیمرا کو عدلیہ کے خلاف پریس کانفرنسز کا ٹرانسکرپٹ جمع کرانے کی ہدائت کی جائے۔ مریم نواز اور دیگر کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے۔