پی ڈی ایم رہنماؤں کیخلاف توہین عدالت کی درخواست خارج

Published On 26 August,2022 10:48 am

اسلام آباد (دنیا نیوز) مریم نواز،رانا ثناء اللہ اور فضل الرحمان کیخلاف توہین عدالت کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں مریم نواز، رانا ثنا اللہ، مولانا فضل الرحمان اور دیگر کے خلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت ہوئی، عدالت نے درخواست کو ناقابل سماعت قراردے کر خارج کر دیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے رجسٹرار آفس کا متعلقہ فورم نہ ہونے کا اعتراض برقرار رکھا، عدالت نے درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ کی پٹیشن کیا ہے جس پر وکیل نے کہا کہ ان رہنماؤں کی جانب سے سوشل میڈیا پر عدلیہ مخالف مختلف بیانات دئیے گئے۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے استفسار کیا کہ کیا اس ہائیکورٹ سے متعلق کوئی ذکر ہے؟ عدالت نے درخواست گزار کے وکیل سے کہا کہ آپ سپریم کورٹ اور لاہور ہائی کورٹ جائیں جن سے متعلق آپ کہہ رہے ہیں۔

دوران سماعت جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ درخواست گزار لاہور کا ہے اس کو یہی جگہ کیوں پسند ہے؟ پٹشنر کو کہیں لاہور میں بھی عدالتیں ہیں، جس وقت یہ بیانات دئیے گئے اس وقت کسی کے کان پر جوں نہیں رینگی۔

بعدازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ڈی ایم رہنماؤں کیخلاف توہین عدالت کی درخواست نا قابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کردی۔

Advertisement