پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا کابینہ کا ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرڈیرہ اسماعیل خان کو پی ڈی ایم رہنماؤں پرمقدمات کے اندراج کا اختیار دینے کا اقدام پشاورہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔
صوبائی حکومت کے پی ڈی ایم قائدین کے خلاف مقدمات درج کرنے سے متعلق اعلامیہ کو پشاورہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے،سپریم کورٹ کے وکیل شبیرحسین گگیانی کی جانب سے ہائیکورٹ میں دائررٹ میں موقف اختیارکیا گیا ہے کہ صوبائی حکومت کا یہ اقدام غیرقانونی ہے۔
رٹ کے مطابق صوبائی کابینہ نے سی آر پی سی کے سیکشن 196کی غلط تشریح کرتے ہوئے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرڈیرہ اسماعیل خان کو پی ڈی ایم رہنماؤں پر مقدمات کے اندراج کا اختیار دیا ہے۔
رٹ میں مؤقف اختیارکیا گیا ہے کہ سیکشن 196 کسی آفیسرکو ایف آئی آر درج کا اختیارنہیں دیتا، رٹ میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے صوبائی حکومت کا اعلامیہ غیرقانونی ہے، کالعدم قرار دیا جائے
گزشتہ دنوں صوبائی کابینہ نے ڈیرہ اسماعیل خان میں ایڈیشنل کمشنر کو پی ڈی ایم رہنماؤں کے خلاف ماضی میں بغاوت اور انتشار پھیلانے والے بیانات پر مقدمات درج کرنے کا اعلامیہ جاری کیا گیا تھا ۔