پشاور: (دنیا نیوز) نفرت انگیز بیانات پر پی ڈی ایم قیادت کیخلاف مقدمات کے معاملے پر پشاورہائیکورٹ نے خیبرپختونخوا کی صوبائی کابینہ کا اعلامیہ معطل کردیا۔
پشاورہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان، صوبائی حکومت اور کابینہ کونوٹسز جاری کرتے ہوئے 13ستمبر تک جواب طلب کر لیا۔
یاد رہے کہ صوبائی حکومت کے پی ڈی ایم قائدین کے خلاف مقدمات درج کرنے سے متعلق اعلامیہ کو پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا، سپریم کورٹ کے وکیل شبیرحسین گگیانی کی جانب سے ہائیکورٹ میں دائررٹ میں موقف اختیارکیا گیا تھا کہ صوبائی حکومت کا یہ اقدام غیرقانونی ہے۔
رٹ کے مطابق صوبائی کابینہ نے سی آر پی سی کے سیکشن 196کی غلط تشریح کرتے ہوئے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرڈیرہ اسماعیل خان کو پی ڈی ایم رہنماؤں پر مقدمات کے اندراج کا اختیار دیا ہے۔
پٹیشن میں مؤقف اختیارکیا گیا ہے کہ سیکشن 196 کسی آفیسرکو ایف آئی آر درج کا اختیارنہیں دیتا، رٹ میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے صوبائی حکومت کا اعلامیہ غیرقانونی ہے، کالعدم قرار دیا جائے۔