شہباز گِل اپنے بیان پر معافی مانگنے کیلئے تیار ہیں: وکیل

Published On 29 August,2022 02:50 pm

اسلام آباد ( دنیا نیوز)اداروں کے خلاف بیان کے مقدمے میں درخواست ضمانت کی سماعت کے دوران شہباز گل کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ بیان سے کوئی غلط فہمی ہوئی ہے تو شہباز گل معافی مانگنے کے لیے تیار ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کی جانب سے اداروں میں بغاوت پر اُکسانے کے الزام کے مقدمے میں ضمانت کی درخواست پر سماعت ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال کی عدالت میں ہوئی، جہاں انسپکٹر ارشد ریکارڈ سمیت عدالت میں پیش ہوگئے۔

دوران سماعت شہباز گل کے وکیل برہان معظم نے عدالت سے ریکارڈ دیکھنے کی اجازت طلب کرتے ہوئے کہا کہ جاننا چاہتے ہیں، ہمارے خلاف کیا شہادت ہے، جس پر عدالت نے پولیس کو حکم دیا کہ ملزم کے خلاف ریکارڈ وکیل کو دکھایا جائے۔

بعد ازاں وقفے کے بعد دوبارہ سماعت کے موقع پر شہباز گل کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پولیس نے 161 کا بیان نہیں دکھایا، جس پر عدالت نے تفتیشی افسر کو بیانات دکھانے کی ہدایت کی۔

شہباز گل کی درخواست ضمانت پر دلائل دیتے ہوئے وکیل برہان اعظم ملک نے عدالت کو بتایا کہ شہباز گل نے اداروں کے خلاف بیان پر معافی مانگنے پر تیار ہیں۔ ‏شہباز گل نے یہ ہرگز نہیں کہا کہ بریگیڈیئر رینک سے نیچے والے اپنے جنرلز کی بات نہ مانیں۔ وہ پاگل نہیں ہیں۔ ایسی بات کہنے کا سوچ بھی نہیں سکتے۔ وکیل نے کہا کہ ‏شہباز گل کی گفتگو میں نوازشریف اور مریم نواز مخاطب تھے۔
 

Advertisement