اسلام آباد (دنیا نیوز) اداروں کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے الزام میں تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کی جانب سے دائر درخواست ضمانت پر کوئی پیشرفت نہ ہوسکی، سماعت پیر تک کیلئے ملتوی کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں شہباز گل کی جانب سے دائر کی گئی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔ کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے کی، دوران سماعت پراسیکیوٹر راجہ رضوان عباسی اور ملزم کے وکلاء عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالتی حکم کے باوجود پولیس کی جانب سے ریکارڈ پیش نہ کیا جا سکا، پراسیکیوٹر راجہ رضوان نے کہا کہ تفتیشی کراچی ہے اس لئے ریکارڈ ابھی پیش نہیں کر سکتے۔
پولیس کی جانب سے ریکارڈ پیش نہ کرنے اور تفتیشی کی عدم حاضری پر اسلام آباد کی سیشن کورٹ نے سماعت پیر تک کیلئے ملتوی کردی ہے۔