سیلاب زدگان کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک نے 3 ملین ڈالر امداد کی منظوری دیدی

Published On 31 August,2022 06:09 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان میں آنے والے بدترین سیلاب کے بعد عالمی برادری کی طرف سے امداد آنے کا سلسلہ جاری ہے، ایشیائی ترقیاتی بینک نے بھی 3 ملین ڈالر امداد کی منظوری دیدی۔

 سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایشیائی ترقیاتی بینک کی طرف سے بتایاگیا کہ ایشیا پیسیفک ڈیزاسٹر ریسپانس فنڈ (APDRF) سے مالی اعانت فراہم کی جانے والی گرانٹ سیلاب زدگان کے لیے خوراک کے سامان، خیموں اور دیگر امدادی سامان کی خریداری کے لیے مہیا کی جائے گی۔ ایشیا پیسیفک ڈیزاسٹر ریسپانس فنڈ ایک خصوصی فنڈ ہے جو قدرتی خطرات سے پیدا ہونے والی آفات سے متاثرہ ADB کے ترقی پذیر رکن ممالک کو تیزی سے گرانٹ دینے کے لیے بنایا گیا۔

 اے ڈی بی کے ڈائریکٹر جنرل برائے وسطی اور مغربی ایشیا یوگینی زوکوف نے کہا کہ مشکل کی گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہم اس قدرتی آفت کے تباہ کن اثرات پر قابو پانے اور متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد فراہم کرنے میں پاکستان کی مدد کرنے کے لیے حکومت اور دیگر ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

 

پاکستان کے لیے ADB کے کنٹری ڈائریکٹر یونگ یی نے کہا کہ ہماری ٹیم طویل مدتی بحالی کی کوششوں میں مدد کرنے اور سیلاب سے ہونے والے نقصان کا اندازہ لگانے میں بھی مدد کر رہی ہے۔