امریکی قونصل جنرل کی مزار قائد پر حاضری، مہمانوں کی کتاب میں تاثرات قلمبند

Published On 01 September,2022 03:00 pm

کراچی:(شعیب بخاری) کراچی میں امریکی قونصل جنرل نکول ٹیریو نے مزار قائد پر حاضری دی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے۔

نکول ٹیریو نے امریکی سفارتخانے کی جانب سے اپنے تاثرات درج کرتے ہوئے لکھا کہ مزار قائد کا دورہ اور بانی پاکستان محمد علی جناح کے عظیم ورثے کویاد کرتے ہوئے خراج عقیدت پیش کرنا میرے لئے باعث فخر ہے، امریکا بانی پاکستان محمد علی جناح کو نہایت احترام کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

قونصل جنرل نکول ٹیریو نے پاکستان کے پہلے وزیر اعظم لیاقت علی خان اور قائد اعظم کی ہمشیرہ محترمہ فاطمہ جناح کے مزارات پر بھی حاضری دی، قونصل جنرل نے ملحقہ میوزیم کا دورہ بھی کیا اور قائداعظم محمد علی جناح کی زندگی سے متعلق نوادرات کو سراہا۔

امریکی قونصل جنرل کے مطابق امریکا کو پاکستان بھر میں سیلاب سے انسانی جانوں زرائع معاش اور گھروں کے تباہ کن نقصانات پر شدید دکھ ہے، امریکی عوام پاکستان بھر میں متاثرہ لوگوں کی مدد کے لیے پرعزم ہے، امریکہ نے سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے30 ملین ڈالر کی اضافی امداد کا اعلان کیا ہے۔

نکول ٹیریو کے مطابق امریکا نے اگست کے ابتدا میں 1.1 ملین ڈالر کی امداد گرانٹ اور پراجیکٹ سپورٹ بھی فراہم کی ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ یہ امداد سیلاب متاثرین کو براہ راست پہنچ سکے۔