قائداعظم کا یوم پیدائش: مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب

Published On 25 December,2021 08:28 am

کراچی: (دنیا نیوز) بابائے قوم کے یوم ولادت کے موقع پر بانی پاکستان کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، پی ایم اے کے کیڈٹس نے مزار قائد پر سکیورٹی کی ذمے داریاں سنبھال لیں۔

بانی پاکستان کو قوم کی جانب سے سلامی پیش کی گئی اور قومی ترانہ پڑھا گیا۔ مہمان خصوصی کمانڈنٹ پی ایم اے میجر جنرل عمر احمد بخاری نے پریڈ کا معائنہ کیا اور مزار قائد پر پھول چڑھائے۔ تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے۔

خیال رہے مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب سال میں تین بار، 14 اگست، 6 ستمبر اور 25 دسمبرکو منعقد ہوتی ہے۔

صدر مملکت عارف علوی

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے قائداعظم کے یوم ولادت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ چیلنجز پر قابو پانے کیلئے ہمیں اتحاد، تنظیم اور یقین محکم کے زریں اصولوں کو اپنانا ہوگا، پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہمیں نظم و ضبط، بھائی چارے اور لگن کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔

عارف علوی کا کہنا تھا کہ آج پوری قوم محسن پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، قائداعظم نے برصغیر کے مسلمانوں کی آزادی، علیحدہ خودمختار ریاست کے قیام کیلئے انتھک جدوجہد کی، قائداعظم نے اپنی صلاحیتوں، عزم اور غیرمعمولی کردار کی بدولت پاکستان کے خواب کو حقیقت میں بدلا، قائداعظم کے پاکستان کو عظیم تر بنانے کیلئے ہمیں ان کے بتائے اصولوں کو اپنانا ہوگا۔

صدر مملکت نے مزید کہا کہ پاکستان کی ترقی کیلئے معاشرے کے تمام طبقات کو مل کر کام کرنا ہوگا، پاکستان کی خوشحالی کیلئے نظر انداز کئے گئے طبقات کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دینا ہوگی، آج کے دن ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ پاکستان کو ایک عظیم اور مضبوط ملک بنائیں گے۔

وزیراعظم عمران خان

یوم قائد کے موقع پر وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہماری حکومت کرپشن سے پاک معاشرے، پسماندہ شہریوں کی مدد کیلئے کوشاں ہے، چیلنجز پر قابو پانے کا واحد حل اتحاد، ایمان اور نظم کے نظریات پر عمل پیرا ہونا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آج ہم اپنے عظیم رہنما قائداعظم محمدعلی جناح کا یوم پیدائش منا رہے ہیں، ہمارے بچوں کیلئے فخر کی بات ہے کہ وہ ایک آزاد پاکستان میں پیدا ہوئے، قائداعظم کی جدوجہد کے بغیر ہمارا مقدر نہیں بن سکتا تھا، قائداعظم محمد علی جناح نے برصغیر کے مسلمانوں کیلئے علیحدہ وطن کی اہمیت کا احساس کیا، جناح کی ایمانداری، محنت، استقامت اور بڑے مقصد کیلئے لگن نے انہیں عظیم لیڈر بنایا۔

شہباز شریف

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے یوم ولادت قائداعظم پر بابائے قوم کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بابائے قوم کے یوم ولادت پر پوری قوم انہیں خراج عقیدت پیش کرتی ہے اور ان کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کرتی ہے، قائداعظم قول کے سچے، دُھن کے پکے، کردار کے کھرے اور باعمل راہبر تھے، قائداعظم راست گو اور راست باز انسان تھے، وہ ہمیشہ سیدھے راستے پر ہی چلے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے برصغیر کے مسلمانوں کے الگ وطن کے خواب کو سچ کردکھایا، عظیم قائد نے اپنی تمام زندگی پاکستان کے مقصد کے لئے وقف کی، قوم اپنے محسن کو سلام عقیدت پیش کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قیام پاکستان کے مقاصد کو پورا کرنے کے لئے پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط بنانا ہوگا کیونکہ پاکستان بنانے کا مقصد برصغیر کے مسلمانوں کے معاشی حقوق کا تحفظ اور فروغ تھا۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح نے تاریخ کا دھارا موڑ دیا، ان کا کہا آج حرف بہ حرف سچ ثابت ہو رہا ہے، تاریخ نے ثابت کیا قائداعظم محمد علی جناح کی سیاسی جدوجہد سچائی اور اصولوں پر مبنی تھی۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے یوم ولادت پر اپنے پیغام میں کہا کہ سابق حکمرانوں نے قائد کے پاکستان کو بری طرح نوچا، سیاسی مخالفین کی وجہ سے پاکستان اپنی اصل منزل سے ہٹ گیا، تحریک انصاف کی حکومت ملک کو فلاحی ریاست بنانے کے مشن پر قائم ہے۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ قائداعظم جیسے مدبر صدیوں پر بعد پیدا ہوتے ہیں، بانی پاکستان نے مسلمانان برصغیر کو غلامی کی زنجیروں سے نجات دلائی، قائداعظم کی ولولہ انگیز قیادت میں مسلمانوں کے لئے آزاد وطن کا خواب حقیقت میں بدلا، قائداعظم نے اتحاد، تنظیم اور ایمان کے اصولوں کو اپنانے کی تلقین کی، تحمل، برداشت اور رواداری پر مبنی فلاحی معاشرے کا قیام بانی پاکستان کا خواب تھا۔

وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ بدقسمتی سے ماضی کے حکمرانوں نے قائداعظم کے اصولوں سے روگردانی کی، سابق کرپٹ حکمرانوں نے قائد کے پاکستان کو بری طرح نوچا اور اسی وجہ سے پاکستان اپنی اصل منزل سے ہٹ گیا، قائداعظم کی تعلیمات اور افکار پر عمل کر کے ہم پاکستان کو حقیقی معنوں میں فلاحی ریاست بناسکتے ہیں، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اس مشن کی تکمیل کیلئے پرعزم ہے، عمران خان قائد اعظم کے خوابوں کو عملی شکل دینے کے لئے جدوجہد کررہے ہیں۔

مسلح افواج کا قائداعظم کو خراج عقیدت

مسلح افواج نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کو یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ اتحاد، ایمان، تنظیم کے اصول پر عمل پیرا ہونا بطور قوم کامیابی کیلئے ناگزیر ہے، قائداعظم محمد علی جناح کا وژن پر امن، ترقی کی راہ پر گامزن پاکستان تھا۔
 

Advertisement