کراچی: (دنیا نیوز) چیف جسٹس آف پاکستان گلزار احمد نے خیبرپختونخوا کے علاقے کرک میں مندر جلائے جانے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس خیبرپختونخوا سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
چیف جسٹس گلزار احمد سے اقلیتی رہنما ڈاکٹر رمیش کمار نے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں ملاقات کی اور خیبرپختونخوا کے علاقے کرک میں مندر جلائے جانے کے واقعہ سے آگاہ کیا۔ چیف جسٹس آف پاکستان نے واقعے پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔
سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس گلزار احمد نے چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس خیبرپختونخوا کو واقعہ کی تفصیلات 4 جنوری 2021 تک جمع کرانے کی ہدایت کی ہے، عدالت عظمیٰ میں اس حوالے سے باقاعدہ سماعت 5 جنوری 2021 کو ہوگی۔
واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کے علاقے کرک میں ہندؤں کا مندر جلائے جانے کا واقعہ پیش آیا تھا۔