گلگت : (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا چاہے میری جان چلی جائے۔ سیلاب متاثرین کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
غذر میں سیلاب متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ مصیبت کی گھڑی میں آپ سب سے اظہار تعزیت کرتے ہیں، سیلابی ریلے نے غذر میں تباہی مچائی ہے جس کا پورے پاکستان کو افسوس ہے، سیلاب نے سندھ ،خیبر پختونخوا اور دیگر اضلاع میں بھی تباہی مچائی ہے، سیلابی ریلوں نے پور ے پاکستان میں جو تباہی پھیلائی اس کی مثال نہیں ملتی۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب سے پاکستان میں ایک ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہوئے ہیں، پنجاب کے جنوبی اضلاع بھی سیلاب سے بہت متاثر ہوئے ہیں، سیلاب کی صورتحا ل میں ایک اور امتحان ہمارے سامنے ہے، غذر میں بھی سیلاب نے تباہی پھیلائی ہے، سیلاب سے لوگوں کی زندگی کی جمع پو نجی ختم ہوگئی، پاکستان پہلے ہی معاشی مشکلات کا شکار تھا، سیلاب متاثرین کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ یہ ایک خاندان جو ہمارے سامنے بیٹھا ہے اس کی کہانی بہت دردناک ہے، اس خاندا ن کے متعدد افراد سیلاب کے باعث جاں بحق ہوگئے ہیں، جن کےپیارے دنیا سے چلے گئے ہیں اس پر ہمیں دلی افسوس ہے، جاں بحق ہونے والے افراد کو اگلے24گھنٹے میں معاوضہ دیا جائے گا، میں یقین دلاتا ہوں کہ یہ امداد صرف حقدار کو جائے گی، شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا چاہے میری جان چلی جائے، غذر میں ہونے والے نقصانات کے جائزہ لینے کیلئے سروے کیا جا رہا ہے۔