لندن:( اظہر جاوید سے) برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر معظم خان نے برطانوی حکومت کی جانب سے 16.5 ملین پاؤنڈ کی امداد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی کاموں کے لیے اسلامک ریلیف اور مسلم ہینڈز جیسے برطانوی خیراتی اداروں کو سراہا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر نے حاضرین کو پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی وسیع پیمانے پر ہونے والی تباہی اور متاثرہ افراد کی بحالی کے لیے بین الاقوامی امداد کی ضروریات سے آگاہ کیا۔
اس سلسلے میں انہوں نے یو کے ڈیزاسٹرز ایمرجنسی کمیٹی (DEC) کی پاکستان میں سیلاب کی اپیل کو بھی سراہا، ہائی کمشنر نے سیلاب متاثرین کی فلاح و بہبود کے لیے قومی اتحاد کے جذبے کے ساتھ مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
شرکاء کو حکومت پاکستان کی جانب سے متاثرہ افراد کی امداد اور بچاؤ کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا گیا، یو بی ایل یو کے میں پاکستانی ہائی کمیشن کی طرف سے کھولے گئے وزیر اعظم کے فلڈ ریلیف فنڈ اور پاکستان میں قائم دیگر متعلقہ اکاؤنٹس کے بارے میں معلومات شرکاء کے ساتھ شیئر کی گئیں۔
ہائی کمشنر نے شرکاء کو مشن میں فلڈ ریلیف کوآرڈینیشن یونٹ (ایف آر سی یو) کے قیام کے بارے میں بھی آگاہ کیا جو کہ یوکے کی طرف سے سیلاب کی امدادی کوششوں کے لیے فوکل پوائنٹ ہے، تقریب میں یونائیٹڈ بینک برطانیہ اور پی آئی اے کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔