اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزارت دفاع نے بعض سابق فوجیوں کی تنظیموں سے اظہار لاتعلقی کا اعلان کردیا۔
ترجمان وزارت دفاع کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ان تنظیموں کے خیراتی مقاصد، سیلاب زدگان کی امداد اورعوامی خدمت جیسی سرگرمیوں کا وزارت دفاع سے کوئی تعلق نہیں، تنظیموں کو مسلح افواج کی جانب سے بھی انہیں تسلیم نہیں کیا گیا، سابق فوجیوں کی ان تنظیموں کا مسلح افواج کی حمایت یا تسلیم کرنے کا دعویٰ بھی حقائق کے منافی ہے، مسلح افواج نے ایسی سوسائٹیوں کو نہ تو تسلیم کیا ہے اور نہ ہی اس کی اجازت دی ہے۔
اس حوالے سے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ وزارت دفاع کے سابق فوجیوں کی سوسائٹیوں کے امور کار بارے رہنما اصول واضح ہیں، اس سلسلے میں مستقبل کی مشاورت اور رہنمائی کیلئے وزارت دفاع میں یہ پالیسی دستیاب ہے، وزارت دفاع نے متنبہ کیا ہے کہ اس پالیسی اور اصولوں کی خلاف ورزی قابل تعزیر جرم ہوگی۔
ترجمان کے مطابق وزارت اور مسلح افواج پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی اور ویٹرنز آف پاکستان جیسی تنظیموں کی سرگرمیوں کو تسلیم یا ان کی توثیق نہیں کرتیں۔