اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے کالعدم تنظیم کی طرف سے ملک میں سیلاب سے متعلق امدادی کاموں کے بارے میں بھارتی خبر رساں ادارے کی طرف سے اپنی خبر میں لگائے گئے الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ صرف پاکستان کے خلاف بھارتی تعصب اور بین الاقوامی سطح پر لوگوں کو گمراہ کرنے کی بھارت کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایسا پہلی بار نہیں بھارتی میڈیا نے سیاسی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے بے بنیاد اور من گھڑت خبریں پھیلانے کا مظاہرہ کیا ہے۔ یہ بدقسمتی ہے عالمی برادری ایک غیر معمولی قدرتی آفت کے تناظر میں پاکستان کی مدد کررہی ہے جبکہ بھارتی میڈیا کے بعض عناصر امدادی سرگرمیوں پر شکوک و شبہات پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے غیر منافع بخش اور غیر سرکاری تنظیموں کی طرف سے سیلاب سے متعلق امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے مضبوط ریگولیٹری اور نگرانی کا طریقہ کار وضع کیا ہے۔ پاکستان میں تمام متعلقہ ادارے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے چوکس ہیں کہ امدادی سرگرمیوں کی آڑ میں کوئی غیر قانونی سرگرمی نہ ہو۔