لاہور:(دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر داخلہ عطا تارڑ نے کہا ہے کہ عمران خان مشکل وقت میں بھی سیاست چمکانے میں مصروف ہیں، ایک جلسے پر کروڑوں روپے خرچ کئے جا رہے ہیں انہیں سیلاب متاثرین کا کوئی احساس نہیں ہے، ان کیلئے پاکستان اور عوام کی کوئی اہمیت نہیں، موجودہ حکومت انتقال پر یقین نہیں رکھتی ہے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے الزام عائد کیا کہ فواد چودھری مختلف جماعتوں سے رابطے میں ہیں اور جہلم میں پی ٹی آئی کا جلسہ ناکام ہوا، فواد چودھری پی ٹی آئی کو غلط مشورے دیتے ہیں اور ان کی پی ٹی آئی کی صفوں میں موجودگی سے پی ڈی ایم کو فائدہ ہو رہا ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ ملک میں سیلابی صورتحال ہے لیکن ایک شخص قوم کے لیے کوئی جذبات نہیں رکھتا اور موجودہ صورتحال میں بھی جلسے کئے جا رہے ہیں۔ سیلاب سے ملک شدید متاثر ہے لیکن عمران خان کو جلسوں کی فکر ہے۔ ایک جلسے پر 20 سے 25 کروڑ روپے کا خرچہ آتا ہے لیکن کاش وہ متاثرین کو دے دیئے جاتے۔
انہوں نے کہا کہ جلسے میں اسٹیج پر ترانے بجائے جاتے ہیں اور ہنسی مذاق بھی کی جاتی ہے، گجرات جلسے میں بھی وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ سٹیج پر بیٹھ کر مسکرا سکتے ہیں لیکن آفت زدہ علاقوں کا دورہ نہیں کر سکتے۔