لاہور: (ویب ڈیسک) ننکانہ صاحب میں این اے 117 سے آزاد الیکشن لڑنے والے اور پاکستان مسلم لیگ ن کے سابق رکن صوبائی اسمبلی طارق باجوہ نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیارکر لی۔
خیال رہے کہ 2018ء کے عام انتخابات میں این اے 117 میں ٹکٹ نہ ملنے پر طارق محمود باجوہ نے حلقے میں آزاد الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا، اس سیٹ پر وہ کامیاب نہ ہو سکے، مسلم لیگ ن کے فاتح امیدوار چودھری برجیس طاہر نے 71989 ووٹ حاصل کیے تھے، طارق باجوہ 69106 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے جبکہ تحریک انصاف کے امیدوار چودھری بلال احمد ورک 67 ہزار 136 ووٹ لیکر تیسرے نمبرپر رہے تھے۔
بنی گالہ میں سابق وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ملاقات کے دوران طارق باجوہ نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی۔ پارٹی قیادت کی طرف سے انہیں برجیس طاہر کے مخالف کے طور پر امیدوار بنایا جائے گا۔
اس حلقے کے پہلے امیدوار چودھری بلال احمد ورک نے بھی فیصلے کو قبول کر لیا ہے اور آئندہ انتخابات میں انہیں این اے 122 شیخوپورہ سے ٹکٹ دیا جائے گا۔ جہاں پر ان کا مقابلہ پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار سردار عرفان ڈوگر کے ساتھ ہو گا۔