اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومتی اتحاد میں شامل جماعتوں نے عمران خان کے فوج مخالف بیانات کی شدید مذمت کی ہے، پی ڈی ایم کے مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ مسلح افواج سمیت قومی اداروں اور ان کی قیادت کے آئینی احترام اور حدود کی پاسداری کو یقینی بنایا جائے گا، سازشی عناصر کو آئین اور قانون کے مطابق نمٹیں گے، پاکستان کو کمزور کرنے کے ہر مذموم ایجنڈے کو ناکام بنائیں گے۔
حکومتی اتحاد میں شامل جماعتوں کی جانب سے مشترکہ بیان کے مطابق عمران خان نے جلسے میں افواج پاکستان اور اس کی قیادت کیخلاف نفرت پھیلانے اور حساس پیشہ وارانہ امورکو متنازعہ بنایا، پوری قوم سیلاب سے لڑ رہی ہے، نفرت، انتقام اور تکبر میں ڈوبا عمران خان مسلح افواج سمیت قومی اداروں اور عوام سے لڑرہا ہے۔
مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ سنگین بہتان تراشی کا مقصدمعاشی بحالی کے عمل کو متاثر کر کے پاکستان کو سری لنکا بنانا اورعوام کو فوج سے لڑانا ہے، الزامات کا مقصد فوج کے رینک اینڈ فائل میں تصادم کی راہ ہموار کرنا ہے، آئین اور قانون کی طاقت سے اس مذموم سازش کو ناکام بنائیں گے۔
حکمران اتحاد نے کہا کہ سازشیوں سے آئین اور قانون کے مطابق نمٹیں گے، پاکستان آئین کے مطابق چلے گا، پاکستان کو کسی فرد واحد کے تکبر، فسطائیت اور آمرانہ رویوں کا غلام بنانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، مسلح افواج ملک میں سیلاب متاثرین کی مدد کی قابل قدر خدمات انجام دے رہی ہیں۔
حکومتی اتحاد نے کہا کہ مسلح افواج دہشتگردی کیخلاف جرات وبہادری اور دلیری سے جنگ لڑرہی ہیں، اس جنگ میں فوج کے افسر اور جوان جام شہادت نوش کررہے ہیں، پوری قوم دہشتگردی سے نجات ، معاشی استحکام ، سیلاب متاثرین کی مدد اور بحالی کے ایجنڈے پر متحد اور ایک آواز ہے، ایک تنہا آواز ہر روز قومی اتحاد کو پارہ پارہ کرنے کے لئے جھوٹ، پراپیگنڈے اور بہتان تراشی کے ذریعے مسلسل نفرت پھیلا رہی ہے، معیشت کی بحالی سمیت قومی مفادات کے تحفظ کا عمل متاثرنہیں ہونے دینگے۔
عمران نے ملک کو کمزور کرنے کا ٹھیکہ لیا ہوا اداروں کو متنازع نہیں بننے دینگے،زرداری
سابق صدرآصف علی زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان نے ملک کو کمزور کرنے کا ٹھیکہ لیا ہوا ہے جو ہمارے جیتے جی نہیں ہوسکتا، ہم اپنے اداروں کو اس شخص کی ہوس کی خاطر متنازع نہیں بننے دیں گے۔
پیپلز پارٹی رہنما آصف زرداری نے سابق وزیر اعظم عمران خان کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ساری قوم کو نظر آرہا ہے کہ فتنہ کون ہے۔آج سب کو انسان اور حیوان کا پتہ چل گیا ہے، اس شخص نے ملک کو کمزور کرنے کا ٹھیکہ لیا ہوا ہے جو ہمارے جیتے جی نہیں ہوسکتا۔
ان کا کہنا ہے کہ ہم اپنے اداروں کو اس شخص کی ہوس کی خاطر متنازع نہیں بننے دیں گے، ہمارے ہر سپاہی سے لیکر جرنیل تک ہر ایک بہادر اور محب وطن ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ پوری قوم اس وقت سیلاب زدگان کے ساتھ کھڑی ہے، سیلاب متاثرین کی مدد کی کوشش جاری ہے اور یہ شخص جلسہ جلسہ کھیل رہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا اور پنجاب میں بھی صرف وفاقی حکومت نظر آرہی ہے، خیبرپختونخوا اور پنجاب حکومتیں صرف جلسوں کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔