ملتان (دنیا نیوز) سابق وفاقی وزیر خارجہ اور وائس چیئرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عمران خان سیاست کے لئے نہیں،عوامی خدمت کیلئے ٹیلی تھون کرتے ہیں، عوام کو ان پر اعتماد ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کے کہنے پر عوام نے سیلاب متاثرین کیلئےعطیات دیئے۔
شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب زدگان کے لئے جمع کئے گئے پیسے ثانیہ نشتر حق داروں تک پہنچانے کے لیے نگرانی کر رہی ہیں، پاکستانیوں اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے عمران خان کے اکاؤنٹ میں پیسے بھیجے لیکن وزیر اعظم کے اکاؤنٹ میں نہیں بھیجے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی ٹیلی تھون کے دوران چینلز بند کیے گئے حکومت کو ایسی رکاوٹیں نہیں ڈالنی چاہیئں،الیکشن کمیشن نے 48 گھنٹے پہلے انتخابات ملتوی کر دیئے لیکن اب الیکشن کمیشن 9 اکتوبر سے دو دن پہلے یا دو دن بعد الیکشن کروا لے۔
سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ 9 اکتوبر کو عید میلاد النبیؐ ہے اس دن الیکشن کروانا ٹھیک نہیں، الیکشن کمیشن کو تاریخ رکھنے سے پہلے عید میلاد النبیؐ کے دن کا خیال کرنا چاہیے تھا، یہ پاکستان کا الیکشن ہے ہندوستان کا نہیں۔
وائس چیئرمین تحریک انصاف نے مزید کہا کہ گندم اور آٹے کا بحران وفاق کی نااہلی کی وجہ سے پیدا ہو چکا ہے اور عمران خان نے اس بحران سے بچنے کے لیے روس سے سستی گندم کا مطالبہ کیا تھا، روس سے سستی گندم مل جاتی تو آٹا مہنگا نہ کرنا پڑتا،سیلاب کی وجہ سے سندھ میں اگلی فصل لگنے کا بھی امکان نہیں اور وفاقی حکومت 5 ماہ سے سو رہی ہے، 4 روپے 34 پیسے مزید بجلی کا یونٹ بڑھا دیا گیا ہے۔