پی ڈی ایم اپنی چوری بچانے، معیشت ڈبونے کے مشن پر ہے: عمر سرفراز چیمہ

Published On 13 September,2022 01:11 pm

لاہور( دنیا نیوز)مشیر وزیراعلیٰ پنجاب اور سابق گورنرعمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ الیکشن سے بھاگنے والے بھگوڑے اقتدار سے چمٹے رہنے کے لئے بہانے ڈھونڈ رہے ہیں، حکومتی دباؤ پر الیکشن کمیشن ن لیگ ، پی پی پی اور جے یو آئی کے فنڈنگ کیسز پر فیصلہ نہیں دے رہا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں عمر سرفراز چیمہ کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم سیاسی و معاشی عدم استحکام کے خاتمے کے بجائے اپنی چوری بچانے اور معیشت ڈبونے کے مشن پر ہے، شہباز شریف نے مشکل حالات میں ملک و قوم کے مفاد کے لئے سب سے مل کر کام کرنے کا کہا تو عمران خان نے بھی حکومت سے مذاکرات کیلئے گرین سگنل دے دیا ہے۔

مشیر وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیاسی و معاشی عدم استحکام کا خاتمہ اور سیلاب زدگان کی بحالی جیسے اہم معاملات پر بات چیت سے قومی لائحہ عمل ترتیب دینے کی ضرورت ہے، سیاسی اور معاشی عدم استحکام کے خاتمے کے لئے نئے صاف شفاف الیکشن کے سوا اب کوئی اور راستہ نہیں ہے۔

سابق گورنر پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ ہم انتشار نہیں ملک میں استحکام ، اداروں کی مضبوطی اور نظام کی بہتری کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں، اقتدار کو طول دینے کے لئے اداروں کو مخالفین کے خلاف استعمال ان کی ساکھ تباہ کر رہا ہے۔

 

Advertisement