سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کریں گے: عمران خان

Published On 14 September,2022 05:15 pm

تونسہ شریف: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت انڈس ہائی ویزکوپہلے بحال کرے۔ سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کریں گے، ریلیف کے بعد متاثرین کے گھروں کی تعمیر کریں گے۔

تونسہ شریف میں سیلاب متاثرین کی امداد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں کا ہیلی کاپٹر سے فضائی جائزہ لیا، پنجاب کے اس علاقے میں اگر ڈیم ہوتا تو بارش کا سارا پانی نعمت بن جاتا، اس وقت سیلاب سے پاکستان کو 2010ء سے بھی زیادہ نقصان پہنچا ہے، یہ تباہی کوہ سلیمان سے آئی بہت بڑا امتحان ہے، ساری قوم کو اکٹھے ہو کر سیلاب متاثرین کی مدد کرنا ہو گی۔

 ان کا کہنا تھا کہ ٹیلی تھون میں 5 گھنٹے کے دوران 10 ارب اکٹھا کیا،کبھی اتنے تھوڑے وقت میں قوم نے اتنا پیسہ نہیں دیا،پوری قوم کوسیلاب متاثرین کی فکر ہے، مجھے افسوس ہے متاثرین کے لیے پیسے اکٹھے کر رہا ہوں،امپورٹڈ حکومت نے میڈیا پر ٹیلی تھون نشریات ہی بند کردی۔

پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ ملک کے بڑے بڑے مجرموں کو صرف ایک خوف کرسی نہ چلی جائے، بڑے بڑے مجرموں کو ملک کی کوئی فکر نہیں، امپورٹڈ حکومت نے کیبل پر چینلز کو بند کرا دیا، سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کریں گے،ریلیف کے بعد متاثرین کے گھروں کوبھی ٹھیک کریں گے،وفاقی حکومت انڈس ہائی ویزکوپہلے بحال کرے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نہریں ٹوٹنے سے کسان بری طرح متاثرہوئے۔ دریائے سندھ کے ساتھ 20 سال سے رائٹ بینک کینال نہر بن رہی ہے، رائٹ بینک کینال اگر مکمل ہوجاتی تو سندھ کے لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑتا، سندھ حکومت سیہون سے آگے رائٹ بینک کینال کو مکمل کرے۔

عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کو ہدایت کی کہ تونسہ کو ڈسٹرکٹ بنانے کا اعلان کریں۔

 

Advertisement