سیلاب متاثرین کی داد رسی کا مشن: وزیراعظم کا دورہ صحبت پور، نقصانات پر بریفنگ

Published On 14 September,2022 11:06 am

صحبت پور:(دنیا نیوز)وزیراعظم میاں شہبار شریف نے بلوچستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، وزیراعظم کو سیلاب کی تباہ کاریوں، ریسکیو اور بحالی کے کاموں پر بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم شہباز شریف کو بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ ضلع صحبت پور کے دورہ کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ صحبت پور میں ایک لاکھ 90 ہزار گھر متاثر ہوئے، میڈیکل کپمپوں میں 4 لاکھ سے زائد افراد کو طبی امداد دی گئی، سیلاب متاثرین کیلئے 2 لاکھ 50 ہزار مچھر دانیوں کا انتظام ہوچکا ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے امدادی کاموں کو تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض کا پھیلاؤ کنٹرول کرنا ضروری ہے، سیلاب متاثرہ علاقوں سے نکاسی آب کا کام تیز کیا جائے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آپ کے پاس وافر مقدار میں فنڈز ہیں، مزید چاہیے ہوں تو بتا دیں لیکن امدای کام نہیں رکنا چاہیے، ترکیہ سے آنے والے خیمے بلوچستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں دیئے جائیں، شام تک ان متاثرہ علاقوں میں پینے کا صاف پانی پہنچ جائے گا، امدادی سامان متاثرین تک پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کررہے ہیں۔

بعدازاں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے صحبت پور بلوچستان میں قائم سیلاب متاثرین کیمپ کا دورہ کیا اور بچوں سے ملاقات کی، شہباز شریف بچوں میں گھل مل گئے، ان سے خوب باتیں کیں، ان سے نظمیں سنیں اور شاباش دی۔

اس موقع پر شہباز شریف بہت خوش ہوئے اور بچیوں کے لیے 2 ماہ میں خصوصی ماڈل سکول بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اس سکول کا سارا خرچہ وفاقی حکومت برداشت کرے گی، سکول میں میدان اور بہترین اساتذہ سمیت کنڈر گارڈن کی تمام سہولیات ہونی چاہیے۔
 

 

Advertisement