اسلام آباد (دنیا نیوز) سیلاب زدگان کیلئے امدادی سامان کی آمد جاری ہے، سعودی عرب اورمتحدہ عرب امارات سے امدادی پروازیں کراچی ایئرپورٹ پہنچ گئیں۔
سعودی عرب سے دوسری امدادی پرواز کراچی پہنچ گئی، کراچی ایئرپورٹ پر سعودی سفیر،قونصل جنرل، این ڈی ایم اے نمائندوں سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
امدادی سامان پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی، کراچی میں سعودی عرب کے قونصل جنرل بندر فہد الدیل نے این ڈی ایم اے کے نمائندوں کے ہمراہ وصول کیا۔
دوسری جانب سیلاب زدگان کیلئے متحدہ عرب امارات کی جانب سے 23 ویں پرواز بھی کراچی پہنچ گئی، اماراتی ایئرفورس کا طیارہ امداد لے کر کراچی ایئرپورٹ پہنچا جہاں دبئی ہاوس عملے،این ڈی ایم اے اور پاک فوج افسران نے استقبال کیا۔
یاد رہے کہ اب تک دنیا بھر سے 62 امدادی پروازیں پاکستان کے سیلاب زدگان کیلئے کراچی پہنچیں، یو اے ای سے 23،اقوام متحدہ کی یو اے ای سے 13، ترکی سے 11،چین سے 4، قطرسے 3،سعودی عرب سے2 پروازیں کراچی پہنچیں جبکہ ازبکستان، فرانس، ترکمانستان، نیپال،جارڈن اور یونیسف کی جانب سے ایک ایک امدادی پرواز کراچی ایئرپورٹ پہنچ چکی ہیں۔