ملک بھر میں شہدائے کربلا کا چہلم عقیدت واحترام کیساتھ منایا جا رہا ہے

Published On 17 September,2022 10:14 am

لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر میں شہدائے کربلا کا چہلم عقیدت واحترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے، پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ، ڈبل سواری پر پابندی اور اسلحہ کی نمائش بھی ممنوع قرار دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں امام حسین اور ان کے رفقاء شہداء کربلا کا چہلم مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے، مختلف شہروں میں جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے سخت اقدامات کئے گئے ہیں۔

پنجاب کے مختلف شہروں میں چہلم شہدائے کربلا پر جلوس نکالے جارہے ہیںِ، لاہور میں مرکزی جلوس حویلی الف شاہ سے برآمد ہوا جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ میں اختتام پذیر ہوگا۔

لاہور میں چہلم امام حسین کے روایتی جلوس اور عرس داتا دربار کی سکیورٹی کے لیے 220 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں جبکہ میٹروبس کا روٹ ایم اے او کالج سے شاہدرہ تک 3 بجے بند کردیا جائے گا۔

کراچی میں چہلم امام حسین کا مرکزی جلوس دوپہر میں نشتر پارک سے برآمد ہو گا، جلوس نمائش، ایم اے جناح روڈ سمیت روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسیناں ایرانیاں کھارادر میں اختتام پذیر ہوگا، جلوس کی نگرانی کیلئے سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ جلوس کی قیادت بوتراب سکاؤٹ کرے گی، شرکاء نوحہ خوانی وماتم کریں گے، جلوس کے راستوں میں پانی کی سبیلیں اور طبی کیمپ لگائے گئے ہیں

اس کے علاوہ ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں بھی شبیہ علم و ذوالجناح کے جلوس نکالے جائیں گے، جلوس کی گزرگاہوں پر موبائل سروس جزوی طور پر بند رکھنے کے انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پرپابندی اورسیکورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

 

Advertisement