لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے اوپننگ بلے باز شان مسعود نے کہا ہے کہ 17 سال بعد انگلینڈ کا دورہ پاکستان خوش آئند ہے، ہمارے ملک کے لوگ کرکٹ سے محبت کرتے ہیں، عوام چاہتی ہے بہترین ٹیمیں پاکستان آئیں۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اوپننگ بلے باز نے کہا کہ انگلینڈ وائٹ بال کی بہترین ٹیم ہے، میں نے کاؤنٹی کھیلی ہے جس سے ان کی صلاحیت کا اندازہ ہوا، مہمان ٹیم ہمیں یہاں پر چیلنج کرے گی، ورلڈکپ سے قبل سیریز کے باعث اچھی تیاری ہو گی۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) اور انگلش کاؤنٹی میں رنز کرنے سے مجھے اعتماد ملا، سابق کوچ مکی آرتھر نے میری بہت رہنمائی کی، جب مجھے بیٹنگ کرنی ہوتی ہے تو زیادہ میچز کھیلنے میں مزہ آتا ہے،17 سال بعد انگلینڈ کا دورہ پاکستان خوش آئند ہے، ہمارے ملک کے لوگ کرکٹ سے محبت کرتے ہیں، عوام چاہتی ہے بہترین ٹیمیں پاکستان آئیں۔
شان مسعود نے مزید کہا کہ ملتان سلطانز سے کھیلنے کا تجربہ بہترین تھا، میں نے اپنے ساتھی کرکٹرز سے بہت کچھ سیکھا، سیکھنے کا عمل کبھی بھی نہیں رُکتا، میرا اگلا ہدف ٹی 20 فارمیٹ کا حصہ بننا ہے، ہر کرکٹر کی خواہش ہوتی ہےکہ ملک کے لیے تینوں فارمیٹ کھیلے۔
ان کا کہنا تھا کہ میری کوشش ہوگی لیگ کرکٹ کے تجربے سے ٹیم کوفائدہ دلاؤں، ایسے خیالات آتے تھے شائد کبھی کم بیک نہ ہو سکے، مجھے جس نمبر پر بھی موقع ملا پرفارم کرنےکی کوشش کروں گا، جو ٹیم کی ضرورت ہوگی اس نمبر پر جاکر بہتر کھیل پیش کروں گا، کبھی شکوہ نہیں کروں گا کہ مجھے میرے پسند کے نمبر پر نہیں کھلایا گیا۔
اوپننگ بلے باز نے کہا کہ اب تک میں جس نمبر پر پرفارم کرنے میں ناکام ہوا میری غلطیاں تھیں، کپتانی کا کبھی نہیں سوچا، قومی ٹیم کی قیادت بہترین ہاتھ میں ہے، پی ایس ایل،کاؤنٹی اور نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ طرز کی کارکردگی انگلینڈ کے خلاف بھی دکھانےکی کوشش کروں گا۔