کراچی:(دنیا نیوز) انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے قائم مقام کپتان معین علی نے کہا ہے کہ میری فیملی پاکستان سے ہے تو یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے، میرے دوست اور فیملی میری کپتانی پر کافی فخر محسوس کرتے ہیں۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے معین علی کا کہنا تھا کہ کرس ووکس اور مارک ووڈ لمبی انجری کے بعد آ رہے ہیں، ہم اپنے فاسٹ باؤلر کو احتیاط سے استعمال کرنا چاہتے ہیں، جب فاسٹ باؤلر تیار ہوں گے تب انہیں میچ کھلائیں گے، اب تک پچ کا معائنہ نہیں کیا لیکن کراچی کی کنڈیشنز کا اندازہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے نہیں لگتا یہ انگلینڈ کی بی ٹیم ہے، زیادہ تر کھلاڑی انجری کے باعث سیریز کا حصہ نہیں، صرف بین سٹوکس آرام کے باعث سیریز کا حصہ نہیں، یہ نوجوان کھلاڑیوں کے پاس موقع ہے کہ وہ اپنی صلاحیت دنیا کو دکھائیں، ہماری یہ ٹیم وائٹ بال کہ بہترین ٹیم ہے۔
انگلش ٹیم کے قائم مقام کپتان کا کہنا تھا کہ جوز بٹلر کی انجری کے حوالے سے ابھی کچھ نہیں کہہ سکتے، ممکن ہے آخری دو میچز میں بٹلر ٹیم میں آجائیں، ہم بٹلر کو ورلڈ کپ کے لیے مکمل فٹ چاہتے ہیں، مجھے نہیں لگتا سپنرز سے اتنا فرق پڑے گا۔