اسلام آباد:(دنیا نیوز)سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اشتہاری اور مفرور قرار دینے کے خلاف سپریم کورٹ میں دائر درخواست واپس لے لی، عدالت نے درخواست واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دی ہے۔
سپریم کورٹ میں اسحاق ڈار کو اشتہاری قرار دینے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، سابق وزیر خزانہ کی جانب سے وکیل سلمان بٹ پیش ہوئے، دوران سماعت مسلم لیگ ن کے رہنما اسحاق ڈار نے اشتہاری قرار دینے کے خلاف درخواست واپس لی۔
وکیل اسحاق ڈار نے عدالت میں مؤقف اپنایا کہ متعلقہ فورم سے رجوع کرنا چاہتے ہیں جس پر سپریم کورٹ نے اسحاق ڈار کی جانب سے درخواست واپس لئے جانے کے بعد درخواست خارج کر دی ہے۔
درخواست خارج ہونے کے بعد اسحاق ڈار کو اشتہاری اور مفرور قرار دینے کا عدالتی فیصلہ برقرار ہے۔
یاد رہے کہ اثاثہ جات ریفرنس میں مسلسل غیر حاضری پر عدالت نے اسحاق ڈار کو اشتہاری اور مفرور قرار دیا تھا۔