جنوبی وزیرستان: دہشتگردوں کے ساتھ لڑائی میں دو جوان شہید

Published On 26 September,2022 09:21 pm

جنوبی وزیرستان: (دنیا نیوز) امن دشمنوں کیخلاف لڑتے ہوئے پاک فوج کے دو جوان شہادت کے رتبے پر فائز ہو گئے جوابی کارروائی میں ایک دہشتگرد بھی مارا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان کے علاقے اعظم ورسک میں دہشتگردوں نے فوجی چوکی پر فائرنگ کر دی۔ جوابی میں سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کی مؤثر طریقے سے تلاشی کی اور فوری جوابی کارروائی کی۔

بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران ایک دہشتگرد ہلاک ہو گیا، ہلاک ہونے والے دہشتگرد سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، مارا گیا دہشتگرد سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشتگردی کی کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران پاک فوج کے مزید دو جوان شہید ہو گئے، 29 سالہ نائیک رشید کا تعلق ٹانک سے تھا جبکہ 22 سالہ رسول بادشاہ کا تعلق لوئر دیر سے تھا۔

بیان کے مطابق علاقے میں موجود دہشتگردوں کو ختم کرنے کے لیے علاقے کی کلیئرنس کی جارہی ہے۔

بلوچستان میں پاک فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، دو پائلٹ سمیت 6 اہلکار شہید

اس سے قبل پاک فوج کا ہیلی کاپٹر بلوچستان کے علاقے ہرنائی کے قریب گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر میں سوار 2 پائلٹس سمیت 6 اہلکار شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری بیان کے مطابق پاک فوج کا ہیلی کاپٹر کل رات بلوچستان کے علاقے ہرنائی کے قریب فلائنگ مشن کے دوران گر کر تباہ ہوگیا۔ 2 پائلٹس سمیت ہیلی کاپٹر کے تمام 6 اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا۔

شہداء میں پائلٹ میجر محمد منیب افضل، پائلٹ میجر خرم شہزاد شامل ہیں، دیگر عملے میں نائیک جلیل، صوبیدار عبدالواحد، سپاہی شعیب اور سپاہی محمد عمران شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق میجر خرم شہزاد کی عمر 39 سال تھی اور ان کا تعلق اٹک سے تھا، انہوں نے سوگواروں میں بیوی اور ایک بیٹی چھوڑی ہے۔ میجر محمد منیب افضل کی عمر 30 سال تھی، ان کا تعلق راولپنڈی سے تھا جبکہ انہوں نے ورثا میں دو بیٹے چھوڑے ہیں۔

بیان کے مطابق شہید صوبیدار عبدالواحد کی عمر 44 سال تھی، وہ کرک کے گاؤں صابر آباد کے رہائشی تھے، ان کے 3 بیٹے اور ایک بیٹی سمیت 4 بچے ہیں۔ شہید محمد عمران کی عمر 27 سال تھی، وہ مخدوم پور خانیوال کے رہائشی تھے، وہ 2 بیٹیوں اور ایک بیٹے کے باپ تھے۔

شہید نائیک جلیل کی عمر 30 سال تھی، وہ ضلع گجرات کے رہائشی تھے، ان کے 2 بچے ہیں۔ شہید سپاہی شعیب کی عمر 35 سال تھی اور وہ ضلع اٹک کے رہائشی تھے، وہ بھی شادی شدہ تھے اور ان کا ایک بیٹا تھا۔
 

 

Advertisement