لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے صوبے میں ہائی ٹیکنالوجی ایجوکیشن کلچر متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، یونیورسٹیز میں انڈسٹریل پراڈکٹ ڈویلپمنٹ کے لئے سپیشلائزڈ ڈسپلن متعارف کرائے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ایوان وزیراعلیٰ میں منعقد ہوا، اجلاس میں پنجاب میں ہائر ایجوکیشن کے فروغ اوربہتری کے لئے تجاویز کا جائزہ لیاگیا، چودھری پرویز الٰہی نے ہائرایجوکیشن کے معیار دور حاضر کے تقاضوں کے مطابق بہتر کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
اجلاس نے فیصلہ کیا کہ پنجاب میں ہائی ٹیکنالوجی ایجوکیشن کلچر متعارف کرایا جائے گا، گوجرانوالہ، گجرات اور سیالکوٹ کی انڈسٹریل ضروریات کے پیش نظر علاقے میں انجینئرنگ یونیورسٹی بنائی جائے گی، یونیورسٹی آف اپلائیڈ انجینئر نگ اینڈ انجینئرنگ ٹیکنالوجیز کا دنیا کی بہترین سپیشلائزڈ یونیوسٹیز سے الحاق ہوگا، اس ضمن میں غیر ملکی ماہرین کی خدمات سے استفادہ کیا جائے گا۔
چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی گورننگ باڈی میں متعلقہ شعبے کے فارن ایکسپرٹس شامل ہوں گے، نئی نسل کو دور حاضر کے تقاضوں کے مطابق ٹیکنالوجی ایجوکیشن سے بہرمند کرنا وقت کی ضرورت ہے۔