وزیراعلیٰ پنجاب سے سپیکر سبطین خان کی ملاقات، مفاد عامہ بارے قانون سازی پر تبادلہ خیال

Published On 23 September,2022 11:19 am

لاہور: (دنیا نیوز)وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی اور سابق وفاقی وزیرِ مونس الٰہی سے سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے ملاقات کی، باہمی دلچسپی کے امور اور پنجاب اسمبلی میں مفاد عامہ کے حوالے سے قانون سازی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایوان وزیراعلیٰ میں ہونے والی ملاقات میں سیلاب متاثرین کی بحالی و آبادکاری کیلئے کئے گئے اقدامات پر بھی بات چیت کی گئی، چوہدری پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی کو دین کے حوالے سے ریکارڈ قانون سازی کا اعزاز حاصل ہے، پنجاب بھر میں سود کے نجی کاروبار پر پابندی عائد کردی گئی ہے اور سزا بھی مقرر کی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہماری نیت نیک اور سمت درست ہے، انتہائی مختصر مدت میں عوام کی فلاح وبہبود کیلئے مثالی اقدامات کئے ہیں، پنجاب حکومت نے سیلاب متاثرین کی بحالی و آبادکاری کیلئے جامع پلان بنایا ہے، سیلاب زدگان کے گھروں کی تعمیرو مرمت کے لئے مالی امداد کی رقم برھا کر 4 لاکھ روپے کردی ہے،امداد کیلئے مخیر حضرات کا تعاون لائق تحسین ہے۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پی ڈی ایم کی ساری جماعتیں صرف زبانی جمع خرچ پر لگی ہوئی ہیں، مخالفین کے پاس فلاح عامہ کا کوئی ایجنڈا نہیں، ان کی پرواہ کئے بغیر عوامی خدمت کے سفر میں آگے بڑھتے جائیں گے۔
 

Advertisement