ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے جامع ایکشن پلان بنایا ہے: پرویزالہٰی

Published On 22 September,2022 09:36 am

لاہور: (دنیا نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے ایم پی اے سعید احمد سیدی، سابق ایم این چودھری اشفاق اور چیف ایگزیکٹو آفیسر چن ون کاشف اشفاق نے ملاقات کی، ترقیاتی منصوبوں اورعمومی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایوان وزیر اعلیٰ میں ہونے والی ملاقات میں وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے جامع ایکشن پلان بنایا ہے، سیکرٹریز کی کارکردگی کو ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل سے لنک کیا ہے،منصوبوں کو مقرر کردہ مدت میں مکمل کرنے کے لئے مانیٹرنگ کا موثر نظام وضع کیا ہے۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ وزیراعلیٰ آفس سے ڈویلپمنٹ پراجیکٹس پر ہونے والی پیشرفت کی نگرانی کی جائے گی، ڈویلپمنٹ پراجیکٹس پر پیش رفت کا خود باقاعدگی سے جائزہ لوں گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اور معیار یقینی بنانے کے لئے ہر سطح پر مانیٹرنگ کی جائے گی، ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت صوبہ بھر کے کاشتکاروں کے آبپاشی سے متعلق مسائل حل کئے جائیں گے۔

اس موقع پر سابق پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلیٰ جی ایم سکندر بھی موجود تھے۔

بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے چیئرمین متحدہ علماء بورڈ پنجاب صاحبزادہ حامد رضا نے ملاقات کی، وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے متحدہ علماء بورڈ کو احسن طریقے سے چلانے کی ہدایت کی۔

ایوان وزیر اعلیٰ میں ہونے والی ملاقات میں وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے صاحبزادہ حامد رضا کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ استحکام پاکستان میں علماء کی کاوشیں قابل تحسین ہے، قوم کو متحد رکھنے کیلئے علماء کرام کا کردار نہایت اہم ہے، دین کا کام ہم سب پر فرض ہے، دینی شعار کے فروغ میں بھرپور معاونت کریں گے۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ قرآن مجید کی ناظرہ تعلیم کا حصول پنجاب بھر کے طلبہ کے لئے لازم قرار دیا گیا ہے، علما بورڈ اورسیرت اکیڈمی کو فعال بنایا جائے گا، سیرت اکیڈمی کے ذریعے دینی امور پر رہنمائی لی جاسکے گی، اس موقع پر صاحبزادہ حسین رضا اورصاحبزادہ حسن رضا بھی موجود تھے۔
 

Advertisement