لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے شہر میں آتشزدگی کے واقعات کے بروقت سدباب کے لئے واٹر ہائیڈرنٹ قائم کرنے کا حکم دیدیا، ریسکیو 1122 کی طرف سے بڑی عمارتوں کے سیفٹی آڈٹ کے بغیر کوئی نقشہ پاس نہیں کیا جائے گا، اپارٹمنٹ بلڈنگز بنانے کے لئے کم ازکم ایک کنال اراضی کی حد مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت ایل ڈی اے کی گورننگ باڈی کا چوتھا اجلاس ایوان وزیراعلیٰ میں ہوا، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب نے شہر میں آتشزدگی کے واقعات کے بروقت سدباب کے لئے واٹر ہائیڈرنٹ قائم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ آتشزدگی کی صورت میں مختلف مقامات پر قائم واٹر ہائیڈرنٹ سے پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
چودھری پرویز الٰہی نے ہدایت کی کہ ریسکیو 1122 کی طرف سے بڑی عمارتوں کے سیفٹی آڈٹ کے بغیر کوئی نقشہ پاس نہ کیا جائے، ایل ڈی اے حدود میں واقع شیخوپورہ سمیت دیگر شہروں کو بھی ڈویلپمنٹ میں شامل کرنے کاحکم بھی دیا جبکہ بیوہ اور نادار کوٹے میں ریکارڈ کلیئرہونے والے 1200 سے زائد سائلین کوالاٹمنٹ کی منظوری دی، ایل ڈی اے میں مارکیٹنگ کے لئے الگ شعبہ قائم کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس کے دوران واسا کا سیوریج سسٹم استعمال کر کے واجبات ادا نہ کرنے والی ہاؤسنگ سکیموں سے چارجز وصول کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا، ایل ڈی اے الاؤنس کو رننگ پے سکیل کے مطابق کرنے کی منظوری دی گئی، اپارٹمنٹ بلڈنگز بنانے کے لئے کم ازکم ایک کنال اراضی کی حد مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا، فنانس اینڈ ٹریڈ سنٹرجوہر ٹاؤن میں اپارٹمنٹ تعمیر کے منصوبے کی اصولی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں جوہر ٹاؤن میں واک اینڈ شاپ ایل ڈی اے شاپنگ ایرینا کے مارکیٹنگ اور بزنس ماڈل ،موہلنوال ہاؤسنگ سکیم کے انفراسٹرکچر میں بہتری کے پراجیکٹ کی بھی اصولی منظوری دی گئی۔