گرے لسٹ سے نکلنے کا سہرا آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو جاتا ہے: پرویز الٰہی

Published On 22 October,2022 12:24 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ گرے لسٹ سے نکلنے کا سہرا آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو جاتا ہے۔

 اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے کا کریڈٹ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو جاتا ہے، جنرل قمر جاوید باجوہ کی ذاتی دلچسپی اور تسلسل کے ساتھ کاوشوں کے باعث فیٹف میں دیئے گئے تمام اہداف وقت سے پہلے مکمل کئے گئے، پاکستان نے بین الاقوامی رسک بیسڈ سٹرٹیجی کی پاسداری کی روایت برقرار رکھی، پاکستان نے تمام نکات پر عملدرآمد کر کے ایک ذمہ دار ریاست کا ثبوت دیا۔

 وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پاکستان فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے شاندار قومی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا، سپہ سالار نے قومی اداروں کے ساتھ مل کر تمام نکات پر عملدرآمد یقینی بنایا، ہندوستان کی کوشش تھی پاکستان کو ہر حال میں بلیک لسٹ کر دیا جائے لیکن پاک فوج نے اس سازش کو ناکام بنایا، قوم شاندار کامیابی پر آرمی چیف کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتی ہے، جنرل قمر جاوید باجوہ نے وہ کام کیا جو پاکستان اور پاکستانی قوم کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔

چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ کو قوم سلام پیش کرتی ہے، تمام پوائنٹس پر عملدرآمد کو یقینی بناتے ہوئے پاکستان کو گرے لسٹ سے وائٹ لسٹ میں لے کر آئے، جنرل قمر جاوید باجوہ کے احکامات پر جی ایچ کیو میں پاکستان آرمی میں ایک میجر جنرل کی سربراہی میں سپیشل سیل قائم کیا گیا، سیل نے مختلف محکموں، وزارتوں اور ایجنسیوں کے درمیان کوآرڈینیشن میکنزم بنایا- ہر پوائنٹ پر ایک مکمل ایکشن پلان بنایا اور اس پر تمام محکموں، وزارتوں اور ایجنسیوں سے عملدرآمد بھی کروایا- اس سیل نے دن رات کام کر کے منی لانڈرنگ، ٹیررفائننسنگ، بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان اور ٹارگٹ کلنگ پر ایک موثر لائحہ عمل سے قابو پایا گیا جس کی وجہ سے فیٹف میں کامیابی حاصل ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ منی لانڈرنگ کے سد باب کے لئے 7 میں سے 7 پوائنٹس پر عملدرآمد ہوا جو کہ فیٹف کی تاریخ میں بے مثال پیش رفت ہے، پاکستا ن نے فیٹف کے خدشات کودور کرنے کے لئے ایک جامع حکمت عملی اور ایک تفصیلی روڈ میپ تیار کیا۔