لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ہندو برادری سمیت تمام اقلیتوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں، اقلیتوں سے بہتر سلوک اور احترام دین اسلام کا خاصہ ہے۔
دیوالی کے تہوار کی مناسبت سے وزیراعلیٰ آفس میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، چودھری پرویز الٰہی مہمان خصوصی تھے نے ہندو اور دیگر اقلیتی برادریوں کے ساتھ مل کر کیک کاٹا اور پاکستان میں مقیم ہندو برادری کو مبارکباد دی جبکہ ہندو اور دیگر اقلیتی برادریوں کی جانب سے وزیراعلیٰ کو اجرک کا تحفہ دیا گیا۔
اس موقع پر وزیر وزیراعلیٰ نے کہا کہ دیوالی پر ہندو برادری کی خوشیوں میں شریک ہیں، اقلیتی برادری کے طلباء کو سرکاری تعلیمی اداروں میں میٹرک سے پی ایچ ڈی تک سکالر شپ دیئے جا رہے ہیں، اقلیتی برادری کیلئے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں 2 فیصد کوٹہ مقرر کیا ہے، ملازمتوں میں 5 فیصد کوٹے پر عملدرآمد کیلئے ہدایات جاری کر دی ہیں، اقلیتی طلباء کیلئے ایجوکیشنل سکالر شپ سکیم میں 50 فیصد سنٹرل پنجاب، 35 فیصد، جنوبی پنجاب شمالی پنجاب کے طلباء کو 15 فیصد دیئے جا رہے ہیں، میٹرک سے اعلیٰ تعلیم تک 50 فیصد نمبر حاصل کرنے والے ا قلیتی طلباء کو 50 ہزار روپے تک سکالر شپ دے رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک دوسرے کی خوشیوں میں شرکت سے رواداری اور بھائی چارے کو فروغ ملتا ہے، اقلیتوں کے حقوق کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے، ہندو برادری سمیت تمام اقلیتوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں، ہندو اور دیگر اقلیتی برادریوں کو تعلیم کیلئے مساوی مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں۔