اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے حوثیوں کی جانب سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے خلاف ہونے والی دہشت گردانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے ساتھ ساتھ یمن میں پرامن تصفیہ کے لئے سعودی عرب کی کوششوں کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتا ہے، پاکستان نے یمن میں تنازعہ کے تمام فریقین پر مسلسل زور دیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مخاصمت کے خاتمے کے لیے پرامن اور بامعنی مذاکرات میں حصہ لیں۔
انہوں نے کہا کہ سال رواں کے شروع میں طے پانے والی جنگ بندی کے نتیجے میں نسبتاً امن قائم کیا جس کا فائدہ ہوا تاہم یہ افسوسناک ہے کہ حوثیوں کی جانب سے جنگ بندی کی تجدید نہیں کی گئی جو یمن کے عام باشندوں کے لیے مشکلات میں اضافے کا باعث بنے گا اور ممکنہ طور پر پائیدار امن کے حصول کی تمام کوششوں کو پٹڑی سے اتار دے گا۔
عاصم افتخار نے ایک بار پھر حوثیوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عسکری سرگرمیاں اور دہشت گردانہ کارروائیاں بند کریں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی بنیاد پر تنازعہ کو ختم کرنے کے لیے سنجیدہ بات چیت میں شامل ہوکر اقوام متحدہ کی ثالثی میں ہونے والی جنگ بندی کی تجدید کریں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اس بات پر یقین رکھتا ہے جنگ کا کوئی مقصد نہیں ہے اور تمام مسائل پُر امن بات چیت کے ذریعے حل کیے جاسکتے ہیں۔ اس راستے کو جلد اپنانے سے ہزاروں معصوم جانیں بچ جائیں گی اور یمنی عوام کے مستقبل کی حفاظت ہوگی۔