اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ سعودی سفارتکار کے قتل میں ملوث مجرمان کو جلد قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔ مجرمان کی گرفتاری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔ سعودی سفارتکار کے لواحقین اور خاندان کے دیگر افراد سے انتہائی ہمدردی ہے۔
سعودی عرب کی وزارت داخلہ کے سینئر حکام کے وفد نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران سعودی سفیر نواف بن سعیدالمالکی نے بھی شرکت کی، ملاقات میں وفاقی سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھراور وزارت داخلہ کے دیگراعلی حکام نے شرکت کی۔
ملاقات میں پاک سعودی دو طرفہ تعلقات سمیت، باہمی دلچسپی کے دیگرامور پر بات چیت کی گئی، سعودی سفارتکارحسن القحطامی کے قتل کی تحقیقات اورمجرمان کی گرفتاری سے متعلق پیش رفت اور پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان روڑ ٹو مکہ پراجیکٹ کے معاہدے سےمتعلق پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
ملاقات کے دوران پاک سعودی روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ معاہدے پر جلد دستخط کرنے پراتفاق کرنے کے ساتھ ساتھ مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے دونوں ممالک کی داخلہ وزارتوں کے درمیان کوارڈینیشن مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیر داخلہ نے حالیہ سیلاب میں متاثرین کیلئے ہنگامی انسانی امداد دینے پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور مملکت کے درمیان سکیورٹی تعاون مزید بڑھائیں گے۔ پاکستان اور سعودی عرب ملکر تمام داخلی اورعلاقائی سکیورٹی چیلنجز کا مقابلہ کرینگے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی سفارتکار کے قتل میں ملوث مجرمان کو جلد قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔ مجرمان کی گرفتاری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔ سعودی سفارتکار کے لواحقین اور خاندان کے دیگر افراد سے انتہائی ہمدردی ہے۔ پاکستان اورسعودی عرب کے تعلقات تاریخی، دیرینہ اوربرادرانہ ہیں۔پاکستان کے عوام خادمین حرمین شریفین سے خاص عقیدت اورمحبت رکھتے ہیں۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے پاکستان کے مشکل ترین حالات میں ہمیشہ فراخدلانہ مدداورمعاونت کی ہے۔سیلاب زدگان کی بروقت امداد سے حکومت کی متاثرین کی بحالی میں مدد ملی۔ شکرگزار ہیں۔
سعودی حکام نے سفارتکار حسن القحطانی کے قتل کی تحقیقات پر اطمینان کااظہار کیا۔ سعودی حکام نے مجرمان کی جلد گرفتاری کی یقین دہانی پر وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کا شکریہ ادا کیا۔