اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے کہا ہے کہ عمران خان خود چور اور ڈاکو ثابت ہو چکے ہیں، مہنگائی عمران خان حکومت کے تحائف میں سے ہے، ارشد شریف کے قتل کی شفاف تحقیقات ہونی چاہیے۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ارشد شریف کے قتل پر ہمیں افسوس ہوا ہے، یہ ایک تشویشناک اور سنگین واقعہ ہے، حالیہ برسوں میں صحافیوں پر ہونے والے حملوں میں اضافہ ہوا ہے، اس واقعہ کی شفاف اور نتیجہ خیز تحقیقات ہونی چاہیے، ہم خاندان کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے حالیہ ضمنی انتخابات میں کامیابی پر علی موسیٰ گیلانی اور عبدالحکیم بلوچ کو مبارکباد دی اور کہا کہ دونوں امیدواروں نے عمران خان کی مقبولیت کو توڑا ہے۔
انہوں نے سندھ اور بلوچستان میں سیلاب کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت لاکھوں لوگ خیموں میں وقت گزار رہے ہیں، متاثرہ علاقوں میں پانی سے ہونے والی بیماریاں پھیل رہی ہیں، لاکھوں بچے سکول نہیں جا پارہے، آٹھ ملین لوگوں کو امداد کی ضرورت ہے، اس ماحول میں اسلام آباد کے گھیراؤ کی باتیں ہو رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ گھیراؤ اور جلاؤ کرنے والوں کو ٹھیک ٹھاک جواب ملے گا، پی ٹی آئی اور اس کی قیادت کو لاکھوں لوگوں کی مشکلات کا علم ہی نہیں ہے، مہنگائی عمران خان حکومت کے تحائف میں سے ایک تحفہ ہے، ہم نے ملک کو بچانے کی سیاسی قیمت ادا کی ہے، ہم ملک کو ڈوبنے نہیں دیں گے، عمران خان ہر اس ادارے پر حملہ آور ہے جو اس کی مرضی پر نہیں چلتا۔
انہوں نے کہا کہ فیٹف گرے لسٹ سے نکلنے کا کریڈٹ وزیراعظم، وزیر خارجہ ، آرمی چیف اور فیٹف ٹیم میں شامل ارکان کو جاتا ہے، عمران خان جب وزیراعظم تھے تو بیرون ملک پاکستانی سیاستدانوں کو چور اور ڈاکو کہتے تھے، یہ خود توشہ خانے میں چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے اور چور اور ڈاکو ثابت ہوگئے ہیں، ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے، اب فارن فنڈنگ کے مقدمات بھی سامنے آئیں گے۔