صدف نعیم کی شہادت، وفاقی حکومت کا انکوائری کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ

Published On 31 October,2022 08:55 pm

اسلام آباد: ( دنیا نیوز ) وفاقی حکومت نے لانگ مارچ میں خاتون صحافی صدف نعیم کی شہادت سے متعلق انکوائری کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کا اجلاس ہوا، کمیٹی میں وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صحافی ارشد شریف اور صدف نعیم کو اللہ تعالیٰ جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں صدف نعیم کو ذاتی طور پر جانتی ہوں وہ بہت محنتی تھیں، میری مرحومہ کے شوہر سے بات ہوئی، ہم نے واقعے سے متعلق کمیٹی تشکیل دے دی ہے، پنجاب کے وزیرقانون نے تھانے میں جاکر راضی نامے پر انگوٹھے لگوائے، کل ان کے شوہر سے لکھوایا کہ وہ مزید کارروائی نہیں چاہتے، ایسے نہیں ہوتا اس واقعے کی میرٹ پر تفتیش ہوگی۔

 صحافی صدف نعیم کی شہادت، پنجاب حکومت کا فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنانیکا فیصلہ

پنجاب حکومت نے صحافی صدف نعیم کی شہادت پر فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنانے کا فیصلہ کرلیا۔

کابینہ کمیٹی لا اینڈ آرڈر، سکیورٹی کا پنجاب سول سیکرٹریٹ میں اجلاس ہوا، وزیر پارلیمانی امور راجہ بشارت نے راولپنڈی سے بذریعہ ویڈیو لنک صدارت کی، چیف سیکرٹری عبداللہ خان سنبل، آئی جی پولیس فیصل شاہکار اور متعلقہ افسروں نے شرکت۔

اجلاس کے شرکا نے خاتون رپورٹر صدف نعیم کے افسوسناک واقعے پر اظہار افسوس کیا، فاتحہ خوانی بھی کی جبکہ کمیٹی میں متعلقہ محکموں کے افسر شامل ہونگے، رپورٹ جلد پیش کریگی۔

راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ عمران خان صدف نعیم کے گھر خود گئے، میڈیا نے واقعے پر مثبت کردار ادا کیا، آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام یقینی بنائی جائے۔

چیف سیکرٹری نے کہا کہ صدف نعیم کے واقعے پر دلی افسوس ہوا، حکومت پنجاب فیملی سے رابطے میں ہے۔

اجلاس میں لانگ مارچ کی سکیورٹی کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا۔

Advertisement