لاہور: (دنیا نیوز) احتساب عدالت لاہور نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی 22 نومبر تک ضمانت منظور کر لی، عدالت نے نیب کو عثمان بزدار کی گرفتاری سے روک دیا۔
لاہور کی احتساب عدالت میں عثمان بزدار کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی، دوران سماعت سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ نیب سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہا ہے۔
عدالت نے عثمان بزدار کو22 نومبر تک ضمانت منظور کرتے ہوئے شامل تفتیش ہونے کا حکم دے دیا،5 لاکھ مچلکوں کے عوض عبوری ضمانت منظور کی گئی۔
یاد رہے کہ نیب لاہور نے عثمان بزدار کو 30 اکتوبر کو پیش ہونے کی ہدایت کی تھی جس میں کہا گیا کہ خدشہ ہے نیب گرفتار کرلے گا، عدالت قبل ازگرفتاری درخواست منظور کرے۔