اللہ ، رسول ﷺکیخلاف جنگ نہیں لڑ سکتے، ملک میں سود سے پاک نظام لانا چاہتے: فضل الرحمان

Published On 09 November,2022 11:16 pm

اسلام آبا: (دنیا نیوز) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم ) کے سربراہ امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانافضل الرحمن نے حکومت کی جانب سے سود کے حوالے سے فیڈرل شریعت کورٹ کے فیصلے کے خلاف نظرثانی کی اپیل واپس لینے کے اعلان کرخیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ پاکستان کی تاریخ کا ایک بڑا اقدام تصور ہوگا۔

وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت میں اس وقت بہتری آرہی ہے۔ حکومت ، وزیرخزانہ اورپاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں کہ وفاقی شرعی عدالت نے سود کے خلاف جو فیصلہ دیا اس کے خلاف کچھ بینک نظرثانی کیلئے سپریم کورٹ میں چلے گئے تھے ، آج وفاقی وزیرخزانہ نے یہ اپیلیں واپس لینے کا اعلان کیا ۔ ہم اللہ اور اس کے رسول ﷺکے خلاف جنگ نہیں لڑ سکتے، ہم پاکستان میں غیرسودی نظام لانا چاہتے ہیں جوفیصلہ شرعی عدالت نے کیاہے ہم اس پر عملدرآمد کریں گے یہ قوم کیلئے ایک بڑی خبر ہے اور پاکستان کی تاریخ میں یہ ایک بڑا فیصلہ تصور کیا جائے گا۔

اس موقع پر وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کی دعائیں اور رہنمائی ہمارے لئے بہت بڑا اثاثہ ہے۔ ان سے ہمارا احترام کا تعلق سیاست میں آنے سے پہلے کا ہے، آج اللہ نے ہمیں وہ توفیق دی کہ جس سے اللہ کے رسول ﷺ ہم سے راضی ہوں اور مجھے پورا یقین ہے کہ اللہ تعالی کی نصرت شامل رہے گی اور پاکستان ایسے فیصلوں سے بہتری اور ترقی کی جانب گامزن ہوگا۔
 

Advertisement