لاہور: (ویب ڈیسک) امریکی اخبار نے اپنے آرٹیکل میں لکھا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان کا فوج کے لیے پیغام واضح ہے میرے لیے نہیں کھیلو گے تو تمہیں ڈس کریڈٹ کرنے کی ہر حد تک جاؤں گا۔اس بلیک میلنگ کو تسلیم کرنا ادارے کو کمزور کرنے کے مترادف ہو گا۔
آرٹیکل میں پاکستانی امور کے ماہر عاقل شاہ کے تجزیے کے ساتھ سادانند دھومی نے تفصیلی احاطہ پیش کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان پاکستان کو تباہی کے کنارے تک دھکیل رہا ہے، کیا عمران خان پاکستان کو بچانے والا ہے یا تباہ کر رہا؟ سینئر فوجی افسر کو عوامی سطح پر نشانہ بنانا انتقامی اور سول ملٹری تعلقات کو بڑا نقصان پہنچانے کے طور پر لیا جا رہا۔
آرٹیکل میں مزید لکھا کہ عمران کا فوج کے لیے پیغام واضح ہے، میرے لیے نہیں کھیلو گے تو تمہیں ڈس کریڈٹ کرنے کی ہر حد تک جاؤں گا، عمران کا طرز عمل صاف بتا رہا بطورِ ادارہ شرمندگی تک لے جاؤں گا۔ عمران کی بلیک میلنگ کو تسلیم کرنا ادارے کو کمزور کرنے کے مترادف ہو گا، پاک فوج نے غیر فعال ملک کے واحد فعال ادارے کے طور پر اپنا آپ منوایا ہے۔
امریکی اخبار کے مطابق یہ فوج ہی ہے جس نے بھارت سمیت دیگر پاکستان مخالفوں کو مشکلات میں پھنسائے رکھا ہے، اسکالرز مانتے ہیں کہ فوج نے ہی پاکستان کو جوڑ رکھا ہے، فوج پاکستان کی سلامتی کی ضامن، عمران خان پاکستان دشمنوں کا ایجنڈا پورا کرنے میں معاون ہیں۔