لاہور: ( دنیا نیوز ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عمر بھر بددیانتی سے فیصلے کرنے والے آرمی چیف کی تقرری پر مشاورت کر رہے ہیں، لندن میں بیٹھا مفرور شخص تمام مسائل کی جڑ ہے، یہ شکست کے خوف سے الیکشن نہیں کرا رہے، نوجوان نسل بیدار ہوچکی، اب ان کی من مرضی نہیں چلے گی، امپورٹڈ ٹولے نے 6 ماہ میں ہر چیز تباہ کردی، ان سے ملک سنبھل رہا ہے نہ معیشت، فوری صاف اور شفاف انتخابات ہی استحکام کا واحد راستہ ہیں۔
لانگ مارچ سے ویڈیو لنک سے خطاب میں ٹی 20 ورلڈ کپ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے کہا کہ امید تھی پاکستان فائنل جیتے گا لیکن میچ میں ہار جیت ہوتی رہتی ہے، خوشی ہے کہ پاکستانی ٹیم نے میچ میں جان ماری، ٹیم کو فائنل میں پہنچنے پر مبارکباد دیتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ 7 ماہ سے کہہ رہا ہوں کہ ملک کو تباہی کی طرف لے جارہے ہیں اور جو معیشت کو تباہ کرتے ہیں، وہ ٹھیک نہیں کرسکتے جب کہ مسئلہ لندن میں پھنسا ہوا ہے اور مفرور الیکشن ہارنے کے خوف سے الیکشن نہیں کروارہا، یہ مشکل میں آتے ہیں تو لندن بھاگ جاتے ہیں اور مفرور الیکشن ہارنے کے خوف سے الیکشن نہیں کروارہا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ان کا لانگ مارچ این آر او کے لیے تھا اور ہمارے دور میں انہوں نے 3 لانگ مارچ کیے جن میں سے ایک تو اسلام آباد تک بھی نہیں پہنچ سکا، مشکل میں آتے ہیں تو یہ لندن بھاگ جاتے ہیں، یہ 30 سال سے ملک کا پیسہ چوری کرکے باہر لے جارہے ہیں، قوم نے ان کو مسترد کردیا ہے ، قوم سمجھتی ہے کہ جو تجربہ کیا گیا وہ ناکام ہوچکا ہے۔