خیرپور سے سیہون آنیوالی زائرین کی مسافر وین کو حادثہ، بچوں سمیت 20 جاں بحق

Published On 17 November,2022 09:39 pm

سیہون: (دنیا نیوز) خیر پور سے سیہون آنے والی زائرین کی مسافر وین کو انڈس ہائی وے روڈ پر حادثہ پیش آیا جس کے باعث بچوں، خواتین سمیت 20 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

اسسٹنٹ کمشنر سیہون اقبال حسین کے مطابق حادثے میں 20 افراد جاں بحق ہوئے، جاں بحق افرادمیں 8 خواتین، 6 بچیاں، 4 بچے ، دو مرد بھی شامل ہیں، جبکہ 10 افراد زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں میں سے دو افراد کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

پولیس

پولیس کا کہنا ہے کہ انڈس ہائی وے روڈ پر ٹول پلازہ کے قریب قلندرکے زائرین کے ساتھ خوفناک حادثہ پیش آیا ، خیرپور سےسہیون آنے والی مسافر وین انڈس ہائی وے روڈ کو لگائے گئے کٹ میں گر گئی، مسافر وین میں معصوم بچے اور خواتین سوار تھے۔

پولیس کے مطابق وین پانی میں گر گئی تھی، لاشیں نکال کر سیّد عبد اللہ شاہ انسٹیٹیوٹ سیہون منتقل کر دی ہیں، جاں بحق افراد میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ حادثے میں کئی افراد زخمی ہیں۔

یاد رہے کہ منچھر جھیل کے سیلابی پانی کو دریائے سندھ میں اخراج کرنے کیلیئے 2 ماہ قبل انڈس ہائی وے روڈ کو کٹ لگایا گیا تھا۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ نیشنل ہائی ویز اتھارٹی کی غفلت کے باعث دو ماہ سے کٹ بند نہیں ہوا جس کے باعث حادثہ پیش آیا۔

جاں بحق ہونے والوں کی شناخت ہو گئی

ایس ایس پی عمران قریشی کی طرف سے بتایا گیا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے 20 افراد کی شناخت ہو گئی ہے، جاں بحق افراد میں 7 سالہ عثمان، 4 سالہ محبوب، مسماۃ لیلی، جمن خاتوں، شاہدہ، 9 سالہ شہزادو، 10 سالہ سونہن، 6 سالہ شاہنواز، 5 سالہ مدیحہ، 5 سالہ الہڈتی، 7 سالہ اللہڈنو فلپوٹو، 11 سالہ بینظیر مسماۃ پنجل خاتوں، نجمہ، محمودہ، حیر، دلشاد، سدہیر، کلثوم، شامل ہیں، لاشیں سید عبداللہ شاہ انسٹیٹیوٹ سیہون پہنچادی دی گئی ہیں۔

آصف زرداری

دوسری طرف سابق صدر آصف علی زرداری نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر بہت رنجیدہ ہوں، حکومت سندھ حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کی ہر ممکن مدد کی جائے، حکومت زخمیوں کی زندگیوں کو بچانے کے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔

وزیراعلیٰ کا نوٹس

وزیراعلیٰ سدھ سید مراد علی شاہ کا سیہون اور بھان کے درمیان مسافر وین کے حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے جامشورو پولیس کو جائے وقوع پر پہنچ کر ریسکیو آپریشن کرنے کی ہدایات دی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ کوشش کی جائے کہ کوئی جانی نقصان نہ ہو، زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد دی جائے۔

صوبائی وزیر اطلاعات

صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن کا وین حادثہ میں قیمتی جانوں کے نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے واقعہ کا نوٹس لے کر رپورٹ طلب کرلی جبکہ ریسکیو ٹیمیں روانہ کردی گئی ہیں۔